مخالفین کو جب تنقید کرنے کیلئے کچھ اور نہیں ملتا تو ن میں سے ش اور ش میں سے م نکالنا شروع کردیتے ہیں، پنجاب میں ترقی پر دوسرے صوبوں کے لوگ پر رشک کرتے ہیں
پنجاب کی ترقی بڑے شہروں تک محدود نہیں ‘ میری زیادہ توجہ چھوٹے شہروں پر ہے‘ گجرات سمیت پورے پنجاب میں نئی سیوریج لائنیں بچھائیں گے :پاکپتن میں الیکٹرک بس کی افتتاحی تقریب سے خطاب
پاکپتن (آن لائن) وزیراعلی مریم نواز نے کہا ہے پنجاب میں بلاتفریق ترقیا تی منصوبے جاری ہیں ، دوسرے صوبوں کے لوگ ہمارے صوبے کی ترقی پر رشک کرتے ہیں ، مخالفین کو جب تنقید کرنے کے لئے کچھ اور نہیں ملتا تو ن میں سے ش اور ش میں سے م نکالنا شروع کردیتے ہیں ، گذشتہ چالیس سال سے ان کوششوں میں ناکامی کا منہ دیکھ ر ہے ہیں ، بتانا چاہتی ہوں ن ، ش اور م سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح متحد ہیں ۔ پاکپتن میں الیکٹروبس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوے انہوں نے کہا والہانہ استقبال پر پاکپتن کے عوام کا شکریہ ادا کرتی ہوں ۔ آج گرین بس میں سفر کر کے بہت خوشی ہوئی ۔ پاکپتن پہلے سے زیادہ صاف ستھرا اور گرین نظر آیا ۔ انہوں نے کہا چھوٹے شہروں میں بھی بیوٹیفیکیشن کا منصوبہ شروع کر رہے ہیں۔ پنجاب کے تمام اضلاع میں یکساں ترقی کی خواہاں ہوں ۔ ہمارا ستھرا پنجاب پروگرام توقع سے زیادہ بڑا پروگرام بن چکا ۔ پنجاب صحیح معنوں میں ستھرا اور چمکتا دھمکتا نظر آ رہا ہے ۔ دن رات محنت کر کے میں نے ستھرا ا پنجاب پروگرام ترتیب دیا تھا ۔ ستھرا پنجاب کے لئے بہترین مشینری ہے۔ لوگ اب کہتے ہیں کہ بیٹیاں جب آتی ہیں تو وہ گھروں کو چمکا دیتی ہیں ۔ دوسرے صوبے کے لوگ بھی پنجاب آکر کہتے ہیں کاش ہمارے صوبے بھی ایسے صاف ہوں ۔ انہوں نے کہا پنجاب میں عوام کا پیسہ ان پر ہی خرچ ہو رہا ہے۔ عوام اس سے پہلے مہنگے کرایوں پر سفر کرتے تھے ۔ تاریخ میں پہلی بار پنجاب میں الیکٹرک بسیں چلائیں۔ الیکٹرک بس کا کرایہ صرف بیس روپے ہو گا جو چنگچی کا بھی نہیں ہوتا ۔ الیکٹرک بس خواتین ، طلبا اور معذور افراد کے لئے بالکل فری ہے ۔ یہ بسیں یورپ طرز کی ہیں ۔ ان بسوں کی سی سی ٹی وی کیمرے کے ذریعے نگرانی کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا چھو ٹے شہروں میں گرین بسیں دیکھ کر لوگوں کی خوشی دیدنی ہوتی ہے ۔ الیکٹرک بس کی ڈیمانڈ بہت بڑھ گئی ہے ، آئندہ سال تک الیکٹرک بسوں کی تعداد پندرہ سو ہو جائے گی ۔ انتظامیہ کو تین ماہ کے اندر بس سٹاپ بنانے کی ہدائت کر دی ہے ۔ انہوں نے کہا پنجاب کی ترقی بڑے شہروں تک محدود نہیں ہے میری زیادہ توجہ چھوٹے شہروں پر مرکوز ہے ۔ گجرات سمیت پورے پنجاب میں رواں سال نئی سیوریج لائنیں بچھائیں گے ۔ اس سے پہلے کسی حکومت نے گجرات میں سیوریج سسٹم شروع نہیں کیا ۔ پنجاب بھر میں پینے کے صاف پانی کی دستیابی یقینی بنا ر ہے ہیں ۔ گاڑیاں پینے کے صاف پانی کی بوتلیں گھر پہنچا کر آئیں گی ۔ واسا کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے ۔ دریں اثناء پنجاب حکومت اور نجی سیکٹر کے درمیان کاشتکاروں سیگندم خریدنے کا معاہدہ طے پا گیا۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت گندم سے متعلق اجلاس میں بتایا گیا کہ آئندہ سال کیلئے گندم کی خریداری کا جامع پلان تیار کر لیا گیا ہے، پنجاب میں گندم کی کمی نہیں، گندم کے وافر ذخائر موجود ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ کاشتکاروں سے گندم کی خریداری کے لیے نجی سیکٹر کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ہے، نجی سیکٹر کاشتکاروں سے 3500 روپے من کے حساب سے گندم خریدے گا۔اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کاشتکار ہمارے بھائی ہیں،کبھی ان کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے