الحمدللہ 35 ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کمپنیوں نے اس پالیسی میں پری کوالیفائی کر لیا ، جو گندم کی خریداری اور ذخیرہ اندوزی کے عمل میں حصہ لیں گی
سٹریٹجک گندم ذخائر کے حوالے سے پنجاب پہلا صوبہ ہے اور اس نے پہلی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر مبنی پالیسی دی ہے،وزیراعلیٰ پنجاب کا بیان
اشیائے خوردونوش کے نرخوں میں کمی پر پوری ٹیم کو شاباش ، عوام سے اپیل ہے جس شاپ پر ریٹ لسٹ نہ ہو ، خریداری نہ کریں: وزیراعلیٰ کی اجلاس میں گفتگو
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلی مریم نواز نے کہا ہے پنجاب حکومت کسانوں سے 3,500 روپے فی من کے حساب سے گندم خریدے گی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں وزیراعلیٰ نے بتایا سٹریٹجک گندم ذخائر کے حوالے سے پنجاب پہلا صوبہ ہے اور اس نے پہلی پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر مبنی پالیسی دی ہے۔ ان کے مطابق اس پالیسی کے تحت پنجاب میں کسانوں سے کل 30 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ الحمدللہ آج 35 ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کمپنیوں نے اس پالیسی میں پری کوالیفائی کر لیا ہے، جو گندم کی خریداری اور ذخیرہ اندوزی کے عمل میں حصہ لیں گی۔ اس اقدام کا مقصد گندم کے ذخائر مستحکم کرنا اور کسانوں کو بہتر قیمت فراہم کرنا ہے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبے بھر میں پھل، سبزی، آٹا، چکن اوردیگر اشیاء خوردونوش کے نرخ کا باری باری جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اشیائے خوردونوش کے نرخ میں کمی پر پوری ٹیم کو شاباش دی اور عوام سے اپیل کی کہ جس شاپ پر ریٹ لسٹ نہ ہو ،وہاں خریداری نہ کریں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لاہور میں سبزیوں، پھلوں اور دیگر اشیائے کی سپلائی مزید بڑھانے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو رمضان نگہبان بازاروں ، دسترخوان، اوپن مارکیٹ اور دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔