راولپنڈی: بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا اڈیالہ جیل میں طبی معائنہ مکمل کرلیا گیا، جس کے بعد ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل ٹیم جیل سے واپس روانہ ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عارف خان کی سربراہی میں میڈیکل ٹیم شام کے وقت اڈیالہ جیل پہنچی تھی، جہاں جیل ہسپتال کے طبی عملے کی معاونت سے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ کیا گیا۔
بانی پی ٹی آئی کے بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کا جائزہ
ذرائع کا کہنا ہے کہ طبی معائنے کے دوران ڈاکٹرز نے بانی پی ٹی آئی کے بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کا مشاہدہ کیا۔ ڈاکٹر عارف خان نے عمران خان سے ان کی طبیعت کے بارے میں دریافت کیا اور انہیں تجویز کردہ ادویات کا بھی جائزہ لیا۔میڈیکل ٹیم نے بانی پی ٹی آئی کی مجموعی طبی کیفیت سے متعلق ضروری معلومات حاصل کیں، جبکہ جیل ہسپتال کا عملہ بھی اس عمل میں معاونت کرتا رہا۔
بشریٰ بی بی کا بھی مکمل طبی معائنہ
ذرائع کے مطابق میڈیکل ٹیم میں شامل ڈاکٹروں نے بشریٰ بی بی کا بھی مکمل طبی معائنہ کیا اور ان کی صحت سے متعلق ضروری امور کا جائزہ لیا۔دونوں کے طبی معائنے کا عمل مکمل ہونے کے بعد ڈاکٹر عارف خان کی سربراہی میں میڈیکل ٹیم اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئی۔