راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کے میڈیکل ٹریٹمنٹ سے متعلق قانونی کارروائی میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں جیل حکام نے وکالت ناموں پر دستخط مکمل کروا لیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف چوہدری نے جیل سے وکالت نامے وصول کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وکالت نامہ سپریم کورٹ میں دائر ہونے والی میڈیکل پٹیشن سے متعلق ہے، جبکہ یہ وکالت نامہ عزیر کرامت بھنڈاری کے نام پر جاری کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس سے متعلق وکالت ناموں کے لیے جیل حکام نے انہیں عید کے بعد آنے کی ہدایت کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی 190 ملین پاؤنڈ کیس کی دستاویزات اور متعلقہ مراسلہ آج ڈیڑھ بجے جیل پہنچا دیا گیا۔یاد رہے کہ 21 مئی کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر اہم پیشرفت ہوئی تھی۔ عدالت نے ریمارکس دیے تھے کہ اگر بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیمار ہیں تو متبادل وکیل مقرر کیا جائے، ورنہ دستیاب ریکارڈ کی بنیاد پر فیصلہ سنا دیا جائے گا۔