ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں حکام نے شہریوں کو فضائی خطرے سے متعلق ہنگامی الرٹ جاری کرتے ہوئے گھروں کے اندر رہنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی، تاہم یہ انتباہ چند منٹ بعد واپس لے لیا گیا۔
خبر رساں ادارے ڈان کے مطابق سعودی حکام کی جانب سے شہریوں کے موبائل فونز پر ہنگامی پیغام بھیجا گیا، جس میں خبردار کیا گیا کہ متعلقہ علاقے کو فضائی خطرے کا سامنا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ گھروں کے اندر رہیں یا کسی محفوظ مقام پر منتقل ہو جائیں۔
شہریوں کو کھڑکیوں اور دروازوں سے دور رہنے کی ہدایت
ہنگامی پیغام میں شہریوں سے کہا گیا کہ وہ پرسکون رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے کھڑکیوں اور دروازوں سے دور رہیں۔ حکام نے شہریوں کو سعودی سول ڈیفنس کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کرنے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی بھی ہدایت کی۔
چند منٹ بعد انتباہ واپس لے لیا گیا
رپورٹ کے مطابق فضائی خطرے سے متعلق یہ الرٹ جاری ہونے کے چند منٹ بعد ہی ختم کر دیا گیا۔ تاہم دستیاب معلومات میں اس خطرے کی نوعیت، ممکنہ ہدف یا کسی میزائل اور ڈرون کی موجودگی سے متعلق تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔