جاپان میں مزید زلزلوں کا خدشہ، چین نے اپنے شہریوں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی

جاپان میں مزید زلزلوں کا خدشہ، چین نے اپنے شہریوں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی

جاپان کے جنوب مغربی علاقوں میں آنے والے شدید زلزلوں کے بعد جاپان میں قائم چینی سفارت خانے نے اپنے شہریوں کو ممکنہ آفٹر شاکس کے پیش نظر انتہائی محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

عالمی میڈیا کے مطابق کماموتو صوبے میں منگل کو مقامی وقت کے مطابق شام 4 بج کر 27 منٹ پر 7.1 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد 12 گھنٹوں کے دوران 148 سے زائد آفٹر شاکس آئے۔ ان زلزلوں کے نتیجے میں جانی نقصان بھی رپورٹ ہوا۔بیان کے مطابق جاپان کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ ایک ہفتے کے دوران اسی شدت کے مزید زلزلے آنے کا امکان موجود ہے۔چینی سفارت خانے نے جاپان میں مقیم اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر کی منصوبہ بندی احتیاط سے کریں، متاثرہ علاقوں کا رخ کرنے سے گریز کریں اور اپنی حفاظت کے لیے تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

سفارت خانے نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ زلزلوں سے متعلق تازہ اطلاعات، موسمی انتباہات اور قدرتی آفات سے متعلق ہدایات پر مسلسل نظر رکھیں، مقامی حکام کی جانب سے جاری کردہ انخلا اور حفاظتی احکامات پر عمل کریں اور آفٹر شاکس کے خطرے کے پیش نظر ہر وقت چوکس رہیں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر مقامی پولیس اور جاپان میں قائم چینی سفارت خانے یا قونصل خانوں سے رابطہ کیا جائے۔