یوکرین کی سرکاری ایئر الرٹ ایپ سائبر حملے کا نشانہ، شہریوں کو جعلی خطرے کے انتباہات جاری

یوکرین کی سرکاری ایئر الرٹ ایپ سائبر حملے کا نشانہ، شہریوں کو جعلی خطرے کے انتباہات جاری

کیف: یوکرین میں فضائی حملوں سے خبردار کرنے والی سرکاری ’ایئر الرٹ‘ ایپ کو مبینہ طور پر ہیک کرلیا گیا، جس کے نتیجے میں دارالحکومت کیف سمیت مختلف علاقوں کے شہریوں کو تابکاری، کیمیائی حملوں اور سڑکوں پر لڑائی سے متعلق جعلی انتباہی پیغامات موصول ہوئے۔

یوکرینی حکام نے واضح کیا ہے کہ ایپ کے ذریعے موصول ہونے والے انتباہات درست نہیں تھے اور ملک میں کسی قسم کا تابکاری کا خطرہ موجود نہیں تھا۔ حکام نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ ان پیغامات پر خوفزدہ ہونے کے بجائے صرف سرکاری ذرائع سے موصول ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں۔یوکرینی فضائیہ کے مطابق یکم نومبر کی رات تقریباً 10 بج کر 47 منٹ پر ایپ کے ذریعے کیف کے لیے تابکاری کے خطرے کا انتباہ جاری ہوا۔ اس کے بعد کیمیائی حملے اور دیگر خطرات سے متعلق متعدد جعلی پیغامات بھی سامنے آئے۔جعلی انتباہات میں روس کے ’اوریشنک‘ ہائپرسونک میزائل کے داغے جانے کا دعویٰ بھی کیا گیا، تاہم حکام نے اسے غلط قرار دیا اور شہریوں سے پرسکون رہنے کی اپیل کی۔

واقعے کے بعد یوکرین کی وزارتِ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن نے احتیاطی اقدام کے طور پر ایئر الرٹ ایپ کو عارضی طور پر بند کردیا۔ وزارت کے مطابق ایپ میں ممکنہ سائبر حملے کی تحقیقات اور تکنیکی مسائل کے حل کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔حکام نے شہریوں کو یقین دلایا کہ ایپ کی بندش کے باوجود ملک میں سڑکوں پر نصب سائرن اور دیگر سرکاری انتباہی نظام معمول کے مطابق کام کرتے رہے۔ اس کے علاوہ دارالحکومت کیف میں ’کیف ڈیجیٹل‘ ایپ بھی شہریوں کو معمول کے مطابق اطلاعات فراہم کرتی رہی۔