امریکا میں ایک باصلاحیت پائلٹ نے اپنے طیارے کے ذریعے آسمان پر مقبول ویڈیو گیم ’گرینڈ تھیفٹ آٹو 6‘ (GTA 6) کی دیوہیکل تصویر بنا کر سوشل میڈیا صارفین کو حیران کر دیا۔ پائلٹ کی اس منفرد کاوش کو انٹرنیٹ پر خوب پذیرائی مل رہی ہے۔
بینجمن میک ڈینیئل نامی پائلٹ، جو سوشل میڈیا پر ’دی پائلٹ پکاسو‘ کے نام سے مشہور ہیں، نے اپنی اس غیر معمولی تخلیق کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں، جن میں طیارے کی پرواز کے ذریعے آسمان پر تیار کیا گیا ایک بڑا فضائی نقشہ دیکھا جا سکتا ہے۔
طیارے کی پرواز سے تیار کیا منفرد فضائی نقشہ
بینجمن میک ڈینیئل نے سیسنا اسکائی لین آر جی طیارے کے ذریعے پہلے سے طے شدہ راستے پر پرواز کرتے ہوئے یہ تصویر تیار کی۔ ان کی پرواز کے راستے سے بننے والے نقشے میں ویڈیو گیم کا لوگو، ہیلی کاپٹر، مگرمچھ، کھجور کے درخت، اسپورٹس کار اور ایک خاتون کی شبیہ شامل ہے۔اس منفرد تخلیق کو تیار کرنے کے لیے پائلٹ نے اپنی پرواز کے راستے کو انتہائی احتیاط سے ترتیب دیا، تاکہ آسمان پر ویڈیو گیم سے متعلق مختلف اشکال واضح انداز میں بنائی جا سکیں۔
8 گھنٹے کی پرواز، 11 سال کا انتظار
بینجمن نے امریکی ریاست آرکنساس کے بینٹن ویل ایئرپورٹ سے صبح 11 بج کر 29 منٹ پر پرواز شروع کی اور 8 گھنٹے 8 منٹ بعد واپس ایئرپورٹ پہنچے۔پائلٹ نے اپنی اس کاوش پر مزاحیہ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ تصویر بنانے میں 8 گھنٹے لگے، لیکن وہ اس لمحے کا گزشتہ 11 سال سے انتظار کر رہے تھے۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے پذیرائی
بینجمن میک ڈینیئل کی اس تخلیقی پرواز کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دلچسپ ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ صارفین ان کی مہارت، منصوبہ بندی اور منفرد انداز کو سراہ رہے ہیں۔