انڈونیشیا میں بچوں کا دیوہیکل اژدھے کے ساتھ کھیلنے کا حیران کن منظر، ویڈیو وائرل

انڈونیشیا میں بچوں کا دیوہیکل اژدھے کے ساتھ کھیلنے کا حیران کن منظر، ویڈیو وائرل

جکارتہ: انڈونیشیا میں بچوں کی ایک دیوہیکل اژدھے کے ساتھ کھیلنے کی حیران کن ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس نے دیکھنے والوں کو حیرت اور تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچے ایک بہت بڑے اژدھے کے جسم پر بیٹھ کر پھسل رہے ہیں، جبکہ بعض بچے اس کے اردگرد بے خوف ہوکر دوڑتے اور کھیلتے دکھائی دیتے ہیں۔ویڈیو میں بچوں کا اس خطرناک جانور کے ساتھ غیر معمولی بے تکلفی کا مظاہرہ دیکھ کر صارفین حیران ہیں۔ حیرت انگیز طور پر موقع پر موجود بڑے افراد بچوں کو سانپ سے دور رکھنے یا انہیں روکنے کے بجائے موبائل فون سے اس منظر کی ویڈیو بناتے نظر آتے ہیں۔

اژدھا کتنا خطرناک ہوسکتا ہے؟

ویڈیو میں دکھائی دینے والا سانپ بظاہر ریٹیکیولیٹڈ پائتھن (Reticulated Python) معلوم ہوتا ہے، جس کا شمار دنیا کے طویل ترین سانپوں میں ہوتا ہے۔یہ سانپ زہریلا نہیں ہوتا، تاہم اس کا جسم انتہائی طاقتور ہوتا ہے اور یہ اپنے شکار کو مضبوط گرفت میں جکڑ کر ہلاک کرسکتا ہے۔ بڑے حجم کے باعث بعض حالات میں یہ انسانوں کے لیے بھی جان لیوا ثابت ہوسکتا ہے۔ماہرینِ جنگلی حیات کے مطابق ایسے بڑے سانپوں کے قریب احتیاط کے بغیر جانا خطرناک ہوسکتا ہے، کیونکہ بظاہر پرسکون دکھائی دینے والا جانور بھی اچانک ردعمل دے سکتا ہے۔بچوں کا اتنے بڑے سانپ کے جسم پر بیٹھنا اور اس کے اردگرد کھیلنا کسی سنگین حادثے کا سبب بن سکتا ہے، اس لیے جنگلی جانوروں سے محفوظ فاصلہ رکھنا ضروری ہے۔