انڈیا: ایئر انڈیا ایکسپریس پائلٹ پر مسافر کے جسمانی تشدد کا الزام، پائلٹ معطل

انڈیا: ایئر انڈیا ایکسپریس پائلٹ پر مسافر کے جسمانی تشدد کا الزام، پائلٹ معطل

بھارت کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تنازع کھڑا ہوا جب ایک مسافر نے ایئر انڈیا ایکسپریس کے پائلٹ پر جسمانی تشدد کا الزام عائد کیا۔

 ایئرلائن نے تصدیق کی ہے کہ پائلٹ کو تفتیش مکمل ہونے تک ملازمت سے معطل کردیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق متاثرہ مسافر کی شناخت انکت دیوان کے طور پر ہوئی، جن کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنے خاندان کے ہمراہ ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ دیوان کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ کے عملے نے ان کے بچے کی وجہ سے انہیں سٹاف اور PRM سیکیورٹی چیک کے راستے سے گزرنے کی ہدایت کی، لیکن کچھ افراد قطار توڑ کر آگے جانے لگے۔جب دیوان نے اس پر اعتراض کیا تو ایئر انڈیا ایکسپریس کے پائلٹ کیپٹن وریندر نے ان سے بدتمیزی شروع کی۔ دیوان کے مطابق پائلٹ نے ان کی تعلیمی حیثیت پر سوال اٹھایا اور بات ہاتھا پائی تک پہنچ گئی، جس کے نتیجے میں دیوان زخمی ہو گئے اور خون بہنے لگا۔

انکت دیوان نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ پائلٹ نے اپنا ضبط کھو دیا اور انہیں خون آلود حالت میں چھوڑ دیا، جس سے ان کی خاندانی چھٹیاں متاثر ہو گئیں اور ان کی بیٹی شدید خوفزدہ ہو گئی۔ایئر انڈیا ایکسپریس نے بیان میں کہا کہ واقعے پر انہیں گہرا افسوس ہے اور متعلقہ ملازم اس وقت کسی دوسری ایئرلائن کا مسافر بن کر سفر کر رہا تھا۔ ایئرلائن نے کہا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔