سوشل میڈیا پر ایک حیران کن اور دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے جس میں ایک شخص کو دیوہیکل اژدھے کے ساتھ نہاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ ویڈیو انسٹاگرام پر معروف وائلڈ لائف ایکسپرٹ مائیک ہولسٹن نے شیئر کی ہے، جنہیں "The Real Tarzann" کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ویڈیو میں ہولسٹن ایک بڑے پانی سے بھرے باتھ ٹب میں اطمینان سے بیٹھے ہیں، جب کہ ان کی گود میں ایک دیوہیکل اژدھا بھی موجود ہے۔ حیرت انگیز طور پر، نہ صرف ہولسٹن بلکہ اژدھا بھی مکمل طور پر پرسکون دکھائی دے رہا ہے۔ ہولسٹن کیمرے کی طرف مسکراتے ہوئے پوز دے رہے ہیں جیسے یہ ایک عام بات ہو، جبکہ ان کا یہ سکون انٹرنیٹ صارفین کے لیے باعثِ حیرت بن گیا ہے۔ویڈیو اب تک 18 لاکھ سے زائد بار دیکھی جا چکی ہے اور ہزاروں کی تعداد میں تبصرے حاصل کر چکی ہے۔ سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو دیکھ کر صارفین کی رائے منقسم نظر آئی:
کچھ افراد نے ہولسٹن کی بہادری کو سراہا اور اسے جنگلی حیات سے محبت کی علامت قرار دیا۔ایک صارف نے لکھا، "اتنے خطرناک جانور کے ساتھ اتنی ہم آہنگی ناقابلِ یقین ہے!"جب کہ کئی صارفین نے اسے غیر ذمہ دارانہ اور خطرناک عمل قرار دیا۔ایک صارف کا کہنا تھا، "یہ بہادری ہے یا خالص دیوانگی؟"ایک اور نے تبصرہ کیا، "سانپ تو پرسکون ہے، مگر مجھے ویڈیو دیکھ کر ہی خوف آ گیا!"تنقیدی تبصروں میں ایک صارف نے خبردار کیا، "ایسے رویے خطرناک مثال قائم کرتے ہیں، کیونکہ ہر کوئی سانپ کی حرکات کو نہیں سمجھ سکتا۔" ایک اور صارف نے ہدایت کی، "براہِ کرم اس قسم کی ویڈیوز کو عام نہ بنائیں، یہ کسی حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔"
ماہرین کے مطابق اگرچہ کچھ افراد کو جانوروں سے قریبی تعلق کا تجربہ ہوتا ہے، تاہم جنگلی جانوروں کے ساتھ اس نوعیت کی مشغولیت خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، خاص طور پر جب عام لوگ ایسے مناظر کو مشق یا تفریح کا ذریعہ سمجھنے لگیں۔