امریکی ریاست واشنگٹن میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس میں چار فوجی سوار تھے۔
امریکی فوج کے مطابق حادثہ بدھ کی شب جوائنٹ بیس لیوس میک کارڈ کے قریب پیش آیا۔ حادثے کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر ایم ایچ-60 بلیک ہاک تھا جو معمول کی تربیتی مشق پر روانہ ہوا تھا۔فوجی حکام کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں سوار اہلکار 160ویں اسپیشل آپریشنز ایوی ایشن رجمنٹ سے تعلق رکھتے تھے، تاہم فوج نے ابھی تک فوجیوں کی حالت کے بارے میں کوئی تفصیل جاری نہیں کی۔
امریکی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر رات 9 بجے کے قریب گرا، جس کے نتیجے میں علاقے میں آگ بھڑک اٹھی جو جمعرات کی صبح تک ایک ایکڑ رقبے تک پھیل چکی تھی۔فوج نے بتایا کہ یہ اب بھی ایک فعال سرچ مشن ہے اور ماہر ٹیمیں موقع پر موجود ہیں جو صورتحال کا جائزہ لے رہی ہیں۔ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔