1947 سے بندگوردوارہ سکھ برادری کیلئے کھول دیا گیا

 وقف املاک بورڈ نے مزنگ میں تاریخی عمارت کی بحالی کا کام مکمل کرلیا
افتتاحی تقریب میں وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اورسکھ رہنما ئوں کی شرکت 
لاہور(خصوصی رپورٹ )لاہور کے علاقے مزنگ میں 1947 سے بند تاریخی گوردوارہ چھٹی پاتشاہی کو تزئین و آرائش کے بعد سکھ برادری کیلئے کھول دیا گیا۔متروکہ وقف املاک بورڈ نے تاریخی عمارت کی بحالی کا کام مکمل کرنے کے بعد اسے مذہبی عبادات کیلئے فعال کیا ہے۔ گوردوارہ چھٹی پاتشاہی سری گورو ہرگوبند صاحب سے منسوب ہے۔سکھ روایات کے مطابق گورو ہرگوبند صاحب نے 1619 میں لاہور آمد کے دوران اس مقام کا دورہ کیا تھا۔ قیامِ پاکستان کے بعد سے بند یہ گردوارہ وقت گزرنے کے ساتھ خستہ حالی کا شکار ہوگیا تھا۔گردوارہ چھٹی پاتشاہی ایسے دن بحال کیا گیا ہے جب دنیا بھر میں سکھ برادری بندی چھوڑ دیوس جبکہ ہندو کمیونٹی دیوالی منارہی ہے۔گوردوارے کی بحالی کے بعد افتتاحی تقریب ہوئی جس میں صوبائی وزیر اقلیتی امور اور پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے سربراہ سردار رمیش سنگھ اروڑہ، سیکرٹری بورڈ ناصر مشتاق، ڈپٹی سیکرٹری فراز عباس اور سکھ مذہبی رہنما ئوں نے شرکت کی۔ تقریب میں سابق پردھان سردار بشن سنگھ، گیانی بلونت سنگھ، پروفیسر ڈاکٹر ممپال سنگھ، ستونت کور اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔اس موقع پر سیکرٹری بورڈ ناصر مشتاق نے کہا کہ اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی حفاظت اور تزئین و آرائش حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ گوردوارہ چھٹی پاتشاہی کی بحالی سکھ برادری کے مذہبی جذبات کے احترام اور تاریخی ورثے کو محفوظ بنانے کی عملی مثال ہے۔