سپیکر قومی اسمبلی کی بابا گورو نانک کے جنم دن کے موقع پر سکھ برادری کو مبارکباد

 اسلام آباد(آئی این پی )سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بابا گورو نانک کے جنم دن کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والی سکھ برادری کو مبارکباد دی ہے۔جمعہ کوقومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں سپیکر نے کہا کہ بابا گورو نانک نے انسانیت سے محبت، امن، بھائی چارے اور مساوات کا درس دیا، وہ مذہبی رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کے داعی تھے، جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے دنیا بھر سے آئے ہوئے سکھ یاتریوں کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔سپیکر نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں،سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں کا ملکی تعمیر و ترقی کے لیے کردار قابل ستائش ہے۔