کراچی (شوبز ڈیسک) معروف اداکارہ، میزبان، کامیڈین اور گلوکارہ بشریٰ انصاری نے بالی ووڈ کی نئی فلم بٹوارہ 1947 پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اسے انتہائی ناقص قرار دے دیا۔بشریٰ انصاری نے حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم دیکھنے کے بعد اس کی کہانی، اداکاری اور خاص طور پر پنجابی زبان کے استعمال پر شدید اعتراضات اٹھائے ہیں۔اداکارہ نے کہا ہے کہ یعقوب خان کا کردار کسی بھی پنجابی اداکار کو دیا جا سکتا تھا، کیونکہ پنجاب میں بہت باصلاحیت فنکار موجود ہیں۔ انہوں نے فلم سازوں سے پنجابی زبان کو غلط انداز میں پیش نہ کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔بشریٰ انصاری نے فلم میں بولی جانے والی پنجابی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے فلم میں پنجابی کا تلفظ انتہائی مضحکہ خیز اور غیر فطری محسوس ہوا، جبکہ مسلم کرداروں کے آنکھوں میں سرمہ لگانے کے انداز پر بھی انہوں نے سوال اٹھایا ہے۔بشریٰ انصاری نے فلم پر مجموعی رائے دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بہت کمزور اور غیر معیاری کوشش ہے۔فلم میں سنی دیول سمیت دیگر معروف اداکار شامل ہیں، جبکہ اسے بالی ووڈ اداکار عامر خان نے پروڈیوس کیا ہے۔