لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے شہریوں کی بروقت دادرسی اور کھلی کچہری پر اعتماد مزید مضبوط بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لاتے ہوئے متعلقہ افسران کو بذریعہ ویڈیو لنک حاضر کر لیا۔ فیصل کامران نے کھلی کچہری میں سائلین کی درخواستوں پر متعلقہ ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز سے براہِ راست مکالمہ کیااور افسران کو موقع پر ہی جواب دہی کے عمل سے گزارا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کھلی کچہری میں ہر درخواست گزار کو سن کر موقع پر براہ راست احکامات جاری کئے۔ انہوں نے اخراج مقدمہ کی شکایت پر ایس ایچ او کوٹ لکھپت اور انویسٹی گیشن آفیسر کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے انکوائری کے احکامات جاری کر دیئے۔ پولیس شکایات پر ایس پی سول لائنز،ایس پی کینٹ، ایس ڈی پی او اسلام پورہ، ایس ایچ او ستوکتلہ کوجبکہ تشدد و دھمکیوں کی شکایت پر ایس پی سٹی، ایس ڈی پی او ڈیفنس، ایس ایچ او سبزہ زار، نولکھا اورایس ڈی پی اوستوکتلہ کو انکوائریاں مارک کر دیں۔ لین دین کے معاملات کی متعدد شکایات پر ایس پی سٹی، ایس ایچ اوز شاہدرہ، قلعہ گجر سنگھ،شالیمار،اچھرہ، ساندہ، ایس ایچ اوباغبانپورہ کو انکوائریوں کا حکم دیا۔