لاہور: پاکستانی اداکارہ میرا کی والدہ شفقت رباب نے اپنی چھوٹی بیٹی شائستہ کے انتقال سے قبل بیماری اور زندگی کے آخری دنوں سے متعلق دردناک تفصیلات بیان کردیں، بیٹی کی تکلیف اور جدائی کا ذکر کرتے ہوئے وہ گفتگو کے دوران آبدیدہ ہوگئیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں شفقت رباب نے بتایا کہ شائستہ نے کینسر جیسی موذی بیماری کا بڑی ہمت اور بہادری سے مقابلہ کیا، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ان کی صحت مسلسل خراب ہوتی چلی گئی۔ان کے مطابق بیماری کے باعث شائستہ کا بایاں بازو مکمل طور پر کام کرنا چھوڑ چکا تھا، جبکہ تقریباً تین ماہ قبل شدید خون بہنے کے باعث انہیں ہنگامی طور پر اسپتال منتقل کرنا پڑا تھا۔ اس کے بعد ان کی طبیعت دوبارہ سنبھل نہ سکی اور وہ صحت یاب نہیں ہوسکیں۔شفقت رباب نے بتایا کہ اداکارہ میرا اپنی چھوٹی بہن شائستہ سے بے حد محبت کرتی تھیں۔ لندن میں تعلیم کے دوران بھی میرا نے بہن کی تعلیمی فیس اور دیگر اخراجات کی ذمہ داری خود اٹھائی اور ہمیشہ ان کا خیال رکھا۔
انہوں نے کہا کہ شائستہ کے انتقال کی خبر نے میرا کو شدید صدمے سے دوچار کردیا ہے۔ اداکارہ کی خواہش تھی کہ ان کی بہن کو بہتر علاج کے لیے پاکستان منتقل کیا جائے، لیکن ڈاکٹروں نے شائستہ کی نازک طبی حالت کے پیش نظر انہیں فضائی سفر کی اجازت نہیں دی تھی۔بیٹی کی بیماری، اس کی تکلیف اور زندگی کے آخری ایام کا ذکر کرتے ہوئے شفقت رباب اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور گفتگو کے دوران زار و قطار رو پڑیں۔