اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شاعرِ مشرق اور مفکرِ پاکستان علامہ محمد اقبالؒ کے 149ویں یومِ پیدائش پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ علامہ اقبالؒ نے امتِ مسلمہ کو خودی، بیداری، اتحاد اور عمل کا لازوال پیغام دیا، جس پر آج پہلے سے زیادہ عمل کرنے کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ اقبالؒ کی شاعری علم و فکر کی ایک بے مثال میراث ہے، جو خودی، قومی وقار اور حمیت کا درس دیتی ہے۔ اقبالؒ نے اپنی شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی کا جذبہ بیدار کیا اور انہیں اپنی انفرادی و اجتماعی حیثیت کا احساس دلایا۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ علامہ اقبالؒ نے خطبہ الہ آباد میں برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک الگ ریاست کا تصور پیش کیا، جو چند برس بعد قیام پاکستان کی صورت میں حقیقت بن گیا۔ ان کے افکار آج بھی پاکستانی قوم کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ اور ایک مضبوط، خوشحال اور فلاحی ریاست کی بنیاد ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ علامہ اقبالؒ نوجوانوں کو قوم کا اصل سرمایہ سمجھتے تھے اور ان کے نزدیک نوجوانوں میں تاریخ بدلنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ اقبالؒ نے مسلمانوں کو یہ شعور دیا کہ غلامی کوئی مقدر نہیں بلکہ ایک ایسی کمزوری ہے جس پر خودی، حوصلے اور مسلسل جدوجہد کے ذریعے قابو پایا جا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ علامہ اقبالؒ کی شاعری خودی، عمل اور بلند فکری کا لازوال پیغام ہے۔ آج جب امتِ مسلمہ تفرقے اور باہمی انتشار کا شکار ہے تو اقبالؒ کا پیغامِ اتحاد، خودی اور بیداری غیر معمولی اہمیت اختیار کر چکا ہے۔