آصف علی زرداری اور شہباز شریف نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کو ان کے فکری اور قومی خدمات کے اعتراف میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ علامہ اقبالؒ کا تصورِ سماجی انصاف اور خود کفالت آج کے پاکستان کے لیے بھی رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ ان کے مطابق اقبالؒ کی فکر ایک منصفانہ، انسان دوست اور مضبوط ریاستی نظام کی بنیاد فراہم کرتی ہے، جو معاشرے کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ قوم علامہ اقبالؒ کو عقیدت و احترام کے ساتھ یاد کرتی ہے، کیونکہ وہ برصغیر کے مسلمانوں کے عظیم فکری رہنما تھے۔ان کے مطابق اقبالؒ نے خودی، عمل، ایمان اور فکری آزادی کا جو پیغام دیا وہ آج بھی نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ علامہ اقبالؒ کے افکار نے غلامی کے دور میں مسلمانوں میں بیداری پیدا کی اور انہیں خود مختاری کی سوچ دی۔ ان کے مطابق آج کے دور میں بھی اقبالؒ کا پیغام اتحاد، علم اور مثبت سوچ کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہے۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ علامہ اقبالؒ کے نظریات کو اپناتے ہوئے قومی اتحاد، تعلیم اور فکری ترقی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔