علامہ اقبالؒ کے یومِ ولادت پر 9 نومبر کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری

علامہ اقبالؒ کے یومِ ولادت پر 9 نومبر کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری

حکومتِ پاکستان نے شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کے 149ویں یومِ ولادت کے موقع پر 9 نومبر بروز پیر ملک بھر میں عام تعطیل کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے کابینہ ڈویژن کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔کابینہ ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق 9 نومبر کو وفاقی حکومت کے تمام دفاتر اور ادارے بند رہیں گے۔ سالانہ تعطیلات کے شیڈول کے تحت کیے گئے اس فیصلے سے متعلق تمام وزارتوں اور ان کے ماتحت اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ نوٹیفکیشن پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔اعلامیے کے مطابق ملک بھر کے تعلیمی ادارے، جن میں اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیاں شامل ہیں، بھی پیر کے روز بند رہیں گے۔ سرکاری و نجی دفاتر میں تعطیل کے باعث معمول کی سرگرمیاں معطل رہنے کا امکان ہے۔9 نومبر کی تعطیل سے ہفتے میں دو روز، یعنی ہفتہ اور اتوار کی چھٹی کرنے والے ملازمین کو مسلسل تین چھٹیاں ملیں گی۔ اس طرح انہیں 7 نومبر بروز ہفتہ سے 9 نومبر بروز پیر تک طویل ویک اینڈ میسر آئے گا، جبکہ معمول کے سرکاری اور کاروباری امور 10 نومبر بروز منگل سے دوبارہ شروع ہوں گے۔