اسلام آباد:برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے خودکش دھماکے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس المناک واقعے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ دہشت گردی کی سخت مذمت کرتا ہے اور اس سلسلے میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ جین میریٹ نے مزید کہا کہ ایسی کارروائیاں معاشرے میں تقسیم اور انتشار کا بیج بونے کے علاوہ کچھ حاصل نہیں کرتیں۔واضح رہے کہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر اس دھماکے میں 25 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ دھماکے میں ریلوے پولیس کے اہلکار بھی زخمی ہوئے، جن میں ہیڈ کانسٹیبل غلام رسول جمالی اور ہیڈ کانسٹیبل بھورل خان شامل ہیں۔