ویب ڈیسک:چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن کے قریب ہونے والے دہشتگردانہ دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
بلاول بھٹو نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ اس دلخراش واقعے میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور زخمیوں کے بہتر علاج معالجے کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ دھماکے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے "انسان کی شکل میں درندوں" کا کام ہیں اور ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خلاف پیپلز پارٹی کا موقف پوری قوم کی آواز ہے، اور وہ دہشتگردوں اور ان کے سہولتکاروں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے اقدامات کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔اس دھماکے میں 24 افراد کی ہلاکت اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، جس کے بعد بلاول بھٹو نے حکام سے متاثرہ خاندانوں کے لیے فوری امداد اور زخمیوں کے علاج کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔