ویب ڈیسک: وزیراعظم محمد شہباز شریف، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی، قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی اور گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن کے قریب ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی اور زخمیوں کو فوری طبی امداد دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کو سخت قیمت ادا کرنی پڑے گی اور حکومت اور سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پوری طرح سرگرم ہیں۔ انہوں نے بلوچستان حکومت سے دھماکے کی تحقیقاتی رپورٹ بھی طلب کی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ انہوں نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دشمن پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لیے یہ بزدلانہ کارروائیاں کر رہا ہے، جس کا مقابلہ قومی یکجہتی سے کیا جائے گا۔
قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں اور ایسے عناصر کو شکست دینے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے ایصال ثواب اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے بھی دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم یکجا ہے۔ انہوں نے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔
تمام رہنماؤں نے اس حملے کو پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سازش قرار دیتے ہوئے قومی یکجہتی اور عزم کے ساتھ اس کا مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔