ویب ڈیسک: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ضلع باجوڑ میں ہونے والے بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر نواگئی، تحصیلدار اور دیگر اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ"دہشتگرد ملک و قوم کے سخت دشمن ہیں، وہ پاکستان میں امن و سکون نہیں چاہتے۔"انہوں نے مزید کہا کہ"پاکستان کا ہر فرد دہشتگردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے اور ہم شہداء کی قربانیوں کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔"
بلاول بھٹو زرداری نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا:"ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور شہداء کے لیے دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے۔"پیپلز پارٹی چیئرمین نے ریاست سے مطالبہ کیا کہ دہشتگردی کے خلاف مؤثر اور فیصلہ کن اقدامات جاری رکھے جائیں تاکہ قوم کو مستقل امن و امان میسر آ سکے۔