نوشکی: بلوچستان کے علاقے کلی محمد حسنی میں پولیو ٹیم پر فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار عبدالوحید شہید ہوگئے۔
حملے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔پولیس کے مطابق شہید اہلکار کی لاش کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ "بچوں کے محفوظ و صحت مند مستقبل کے لیے کام کرنے والی پولیو ٹیم پر حملہ ناقابل برداشت ہے۔" انہوں نے شہید اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بچوں کے مستقبل پر حملہ کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، اور ایسی بزدلانہ کارروائیاں انسداد پولیو مہم کو نہیں روک سکتیں۔واضح رہے کہ پاکستان میں پولیو کے خلاف مہم کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں اور ہیلتھ ورکرز کو ماضی میں بھی متعدد حملوں کا سامنا رہا ہے، جس پر سیکیورٹی سخت کی جاتی رہی ہے۔