خضدار دھماکے میں بچوں کی شہادت پر وفاقی وزیرداخلہ کا سخت ردعمل

خضدار دھماکے میں بچوں کی شہادت پر وفاقی وزیرداخلہ کا سخت ردعمل

ویب ڈیسک:وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خضدار زیرو پوائنٹ کے قریب اسکول بس میں ہونے والے دلخراش دھماکے کی پرزور مذمت کی ہے، جس میں 4 معصوم بچے جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

وزیرداخلہ نے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے اور اس واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ دشمن نے بربریت کی انتہا کرتے ہوئے بے گناہ بچوں پر حملہ کیا ہے۔ انہوں نے اس حملے کو ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی ایک گھناونی سازش قرار دیا اور کہا کہ قوم کے اتحاد سے ہر ایسی سازش کو ناکام بنا دیا جائے گا۔

وزیرداخلہ نے جاں بحق بچوں کے سوگوار خاندانوں کے ساتھ مکمل ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔محسن نقوی نے یقین دہانی کرائی کہ ملک بھر میں امن و سلامتی کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدام کیے جائیں گے تاکہ معصوم شہری خاص طور پر بچوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔