جوئے کی رقم پرتنازع : نوجوان کو گھر بلاکر قتل کردیا گیا

32سالہ عاصم جوئے میں جیتے 68لاکھ لینے گیا،تلخ کلامی پر کاشف وغیرہ نے گولیا ں ماردیں
لاہور(کرائم رپورٹر)مصطفی آباد کے علاقہ جوئے کی رقم کے لین دین کے تنازع پر جواریوں نے 32سالہ شخص کو گھر بلا کر فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور فرار ہو گئے ، پولیس نے لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے پورسٹمارٹم کے لیے منتقل کر کے مقتول کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے۔ تفصیلات کے مطابق مصطفی آباد کے علاقے دھرم پورہ گلستان کالونی میں لین دین کے تنازع پر فائرنگ کر کے 32 سالہ عاصم پٹیل کو قتل کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ مقتول جوئے میں جیتے ہوئے 68 لاکھ لینے بکی سہیل کے گھر گیا جہاں چھت پر پیسوں کے لین دین پر تلخ کلامی ہو گئی جس پر موقع پر موجود کاشف ، بلال عثمان عرف ماکھا گجر، چاند اور دیگر دو ملزمان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دو فائر عاصم کے سر اور تین سینے میں لگے اور وہ موقع پر دم توڑ گیا جبکہ ملزمان جائے واردات سے فرار ہو گئے ۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے پورسٹمارٹم کے لیے منتقل کر کے مقتول کے بھائی عامر کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارنا شروع کر دیئے۔