لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس جوئے کے اڈوں اور آن لائن گیمبلنگ میں ملوث عناصر کی سرکوبی کیلئے مسلسل سرگرم ِ عمل ہے۔ رواں سال جوئے کے خلاف کارروائیوں میں 1619ملزمان کو گرفتارکر کے 413مقدمات کا اندراج یقینی بنایا گیا ہے۔یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے گذشتہ روز یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے84لاکھ14ہزار روپے سے زائد کی رقم برآمدکی گئی ہے۔ سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ جوئے کے اڈوں اور آن لائن جوئے کی روک تھام کیلئے بھر پور کارروائیاں جاری ہیں۔انہوں نے پولیس افسران کو جوئے کے اڈوں اور آن لائن جوئے کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جوئے کے اڈوں پر انٹیلی جنس بیسڈ ریڈ کئے جائیں۔ سی سی پی او لاہور نے کہا کہ آن لائن جوئے میں ملوث عناصر کے گرد شکنجہ تنگ کیا جائے۔