پارلیمنٹ ایک نمائشی چیز بن چکی ، انفرادی طور پرہونیوالی قانون سازی کا حصہ نہیں بنیں گے
راولپنڈی(آئی این پی ) پی ٹی آئی رہنما سینیٹرشبلی فراز نے کہا ہے کہ جو ہمارے ساتھ ہو رہا ہے ہم اقتدار میں آکر ایسا نہیں کریں گے۔راولپنڈی میں انسدادِ دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ایک نمائشی چیز بن چکی ہے، جو حالات ہیں یہ مارشل لاء میں بھی نہیں دیکھے، لوگ آتے جاتے ہیں لیکن ہمارا نام لے کر قوانین بنائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ہم پر سختیاں ہیں لیکن یہ وقت بھی گزر جائے گا، جو لوگ انفرادی طور پر قانون سازی کر رہے ہیں ہم اس کا حصہ نہیں بنیں گے، ملک کی خوشحالی اور ترقی کے لیے ہماری جدوجہد جاری ہے، منی بجٹ لانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں، حکومت امپورٹ ڈیوٹی مزید بڑھانے کی تیاریاں کر رہی ہے، ملک میں کاروبار بالکل نہیں ہے، لوگ ملک چھوڑ کر جارہے ہیں اور عدم استحکام کی کیفیت ہے، غیرملکی کمپنیز بھی ملک چھوڑ کر جارہی ہیں۔شبلی فراز نے کہا کہ یہ نااہل اور خودساختہ حکومت ہے ان سے کچھ کنٹرول نہیں ہو رہا، شارٹ فال بڑھ چکا ہے، حکومت سے 390 ارب روپے کا خسارہ بھی پورا نہیں ہو رہا۔