دنیا کو بتانا چاہتے ہیں عمران خان نے کوئی جرم نہیں کیا، ، انشاء اللہ عمران خان نہیں ٹوٹیں گے، نہ ہی سمجھوتہ کریں گے، وہ مقابلہ کرنا جانتے ہیں:چیئرمین پی ٹی آئی
فیصلے کی مذمت کرتے ہیں:عمر ایوب ‘ہمارا لیڈر ثابت قدم ہے، ملک کو لوٹنے والے باہر ہیں: شبلی فراز ‘بانی کہہ دے حکومت کو کچھ نہیں کہوں گا، تو چھوڑ دیا جائیگا، اچکزئی
اسلام آباد/راولپنڈی(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کیخلاف 190 ملین پانڈز کیس کا فیصلہ ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔ عمران خان اور اہلیہ بشری بی بی کو سزا سنائے جانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان نے کوئی مالی فائدہ نہیں اٹھایا، ان شا اللہ عمران خان نہیں ٹوٹیں گے، نہ ہی بانی پی ٹی آئی سمجھوتہ کریں گے، وہ اصول پر قائم رہے، وہ مقابلہ کرنا جانتے ہیں، عمران خان نے 27 سال سے پاکستان میں انصاف کے نام پر سیاسی جماعت بناکر تحریک چلائی، آج اسی کو انصاف نہیں ملا۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عوام سے کہتا ہوں کہ مایوسی گناہ ہے، مایوس نہ ہونا، ہم بہت جلد ہائیکورٹ میں اپیل کریں گے، دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ عمران خان نے کوئی جرم یا گناہ نہیں کیا۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر و رہنما تحریک انصاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ 190 ملین پانڈز کیس کے فیصلے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، فیصلے کو اعلی عدالتوں میں چیلنج کریں گے۔پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کو جمع کرکے مشاورت کے ساتھ فیصلے کریں گے۔عمر ایوب کا کہنا تھا کہ سوال تو نواز شریف کے بیٹے حسن نواز سے پوچھنا چاہیے کہ تم نے جس پیسے سے لندن میں ون ہائیڈ پارک کی عمارت خریدی وہ پیسہ کس طرح باہر لیکر گئے اور آگے پھر عمارت بیچی، اس رقم کا تم نے کیا کیا؟ آج وہ دندناتے پھر رہے ہیں۔دوسری جانب سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ آج ایک سیاہ دن ہے، اس فیصلے کی پرزور مذمت کرتے ہیں، اس دیس میں قانون ہے نہ آئین کی بالادستی ہے، ۔پی ٹی آئی کے رہنما صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ آج کے فیصلے سے عدلیہ نے اپنا نام بدنام کیا ہے، اس کیس سے 100 گنا حساس سائفر کیس تھا، ۔پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہم اس فیصلے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں، یہ قابل مذمت فیصلہ ہے، ہم اس فیصلے کے خلاف ہر فورم پر جائیں گے، لندن میں 36 پارٹیاں جمع ہوئیں، بانی پی ٹی آئی اس میں شامل تھے، فیصلہ ہوا کہ پاکستان میں آئین اور قانون کی بالادستی ہوگی، آج بھی بانی پی ٹی آئی کہہ دے کہ مجھے چھوڑ دو، میں حکومت کو کچھ نہیں کہوں گا اور تو اس کو باہر نکال دیا جائے گا۔