حکومت وزراء کی فوج لیکر بھی اپنی نا اہلی کو ختم نہیں کر سکتی: شبلی فراز

 اپوزیشن اتحاد بننے جا رہا ہے، ہماری جنگ آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے ہے،میڈیا سے گفتگو
 اسلام آباد(آ ئی این پی )پی ٹی آئی رہنما سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ دکھ کی بات ہے کہ وزراء کی فوج لائی گئی ہے، ملک کے کیا حالات ہیں اور یہ اتنے وزراء کو لے کر اپنی نا اہلی کو ختم نہیں کر سکتے۔انسدادِ دہشتگری عدالت میں شبلی فراز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جب تک ملک میں شفاف انتخابات نہیں ہوں گے ملک میں کبھی بھی سیاسی استحکام نہیں آ سکتا۔ چاہے حکومت 10وزیر لے یا 100اس سے کوئی فرق نہیں پڑ سکتا۔انہوں نے کہا کہ جو لوٹے تھے انہوں نے اپنے ضمیر کا سودا کیا، وہ لوگ کابینہ میں بیٹھے ہوئے ہیں جنہوں نے اپنے ضمیر کا سودا کیا۔ عہدے کسی کو عزت نہیں دیتے۔ بانی پی ٹی آئی آرام سے باہر آسکتے تھے اگر اپنے ضمیر کا سودا کرتے لیکن ہمارا مقصد اقتدار میں آنا نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایک اتحاد بننے جا رہا ہے، ہماری جو جنگ جاری ہے وہ آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے ہے۔ پورے ملک میں ایک نئے جوش و جذبے سے جائیں گے، یہ ساری بات ملک کی ہے پی ٹی آئی کی نہیں۔شبلی فراز نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ ہم کیسے صلح کرتے؟ انہوں نے تو ملک کو لوٹا ہے۔ پیپلز پارٹی نے کبھی بھی جمہوریت کے ساتھ ایمانداری کے ساتھ سیاست نہیں کی، انہوں نے اپنے مفادات کی سیاست کی اور 26 ویںترمیم بھی پیپلز پارٹی کے مرہون منت ہے۔