وفاق ہمارے ساتھ مسلسل زیادتی کر رہا، مزید برداشت نہیں کریں گے، سہیل آفریدی

 ضم اضلاع کیلئے این ایف سی کی مد میں 1375 ارب روپے واجب الادا ہیں ، ضم اضلاع کیلئے ایک ہزار ارب روپے کا جامع ترقیاتی پیکج لا رہے ہیں
پشاور(آئی این پی )وزیراعلی خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وفاق ہمارے ساتھ مسلسل زیادتی کر رہا ہے، اب مزید برداشت نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے ضلع خیبر کے قومی مشران اور قبائلی عمائدین پر مشتمل وفود سے ملاقات کے دوران کیا ، جن میں عوامی مسائل، امن و امان اور ترقیاتی حکمت عملی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔دوران ملاقات قومی مشران اور قبائلی عمائدین نے علاقے کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کے لئے تجاویز پیش کیں۔ وزیراعلی سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ضم اضلاع کیلئے این ایف سی کی مد میں 1375 ارب روپے واجب الادا ہیں، انضمام کے وقت وفاقی حکومت نے ضم اضلاع کے لئے 100 ارب سالانہ کا وعدہ کیا تھا، وفاق کی جانب سے ضم اضلاع کیلئے سات سال میں صرف 168 ارب ملے، 532 ارب بقایا ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاق ہمارے ساتھ مسلسل زیادتی کر رہا ہے، یہ مزید برداشت نہیں کریں گے، ضم اضلاع کیلئے ایک ہزار ارب روپے کا جامع ترقیاتی پیکج لا رہے ہیں