اسلام آباد: سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے دشمن کی کسی بھی ممکنہ جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے اپنی جنگی مشقیں بھرپور انداز میں جاری رکھی ہوئی ہیں۔
مشقوں کا مقصد پیشہ ورانہ مہارت میں اضافہ اور جدید جنگی حکمت عملی پر عمل درآمد ہے۔ذرائع کے مطابق یہ مشقیں جدید ہتھیاروں کے عملی استعمال، مربوط کمانڈ سسٹمز، اور انسداد جارحیت کی تیاریوں پر مرکوز ہیں، جن میں افسران اور جوان اپنی مہارتوں کا شاندار مظاہرہ کر رہے ہیں۔ان مشقوں کا اصل مقصد کسی بھی غیر متوقع حملے یا اشتعال انگیزی کے جواب میں فوری، دندان شکن ردعمل دینا ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج ہمہ وقت چوکنا ہیں اور کسی بھی قسم کے دشمن اقدام سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں بھارت کی جانب سے الزام تراشیوں اور اشتعال انگیز بیانات کے باعث خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
29 اپریل کو پاکستان نے بھارتی دراندازی کا عملی جواب دیتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر دشمن کے دو کواڈ کواپٹر مار گرائے تھے، جس سے بھارت کی فضائی نگرانی کو شدید دھچکا پہنچا۔پہلگام فالس فلیگ واقعے کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے جا رہے ہیں، جس پر پاکستان کی عسکری و سیاسی قیادت نے واضح کیا ہے کہ ملکی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔پاک فوج کا یہ واضح پیغام ہے کہ امن کو ترجیح دی جاتی ہے، لیکن اگر دشمن نے جارحیت کی کوشش کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔