ایرانی آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے خبردار کیا ہے کہ اگر دشمن نے ایران کے خلاف زمینی کارروائی کی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے اور دشمن کا ایک بھی فوجی زندہ نہیں بچے گا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق آرمی چیف نے آپریشنل ہیڈکوارٹرز کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن ممکنہ زمینی حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، اس لیے فوج مکمل طور پر تیار رہے اور دشمن کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ کسی بھی حملے کو فوری طور پر ناکام بنایا جا سکے۔دوسری جانب ایران کے سینئر رہنما علی اکبر ولایتی نے کہا ہے کہ موجودہ جنگ ایران کی ثابت قدمی اور طاقت کے ساتھ ختم ہوگی، نہ کہ جارحین کے خوابوں کے مطابق۔ ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز ایران کے دشمنوں کے لیے بند جبکہ دوست ممالک کے لیے کھلی ہے۔
ادھر پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ ایران کی فوجی طاقت اور اسلحہ کے بارے میں دشمنوں کی معلومات نامکمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل ایران کی حقیقی عسکری صلاحیتوں سے ناواقف ہیں اور ایران ایسے مقامات پر میزائل تیار کرتا ہے جن کے بارے میں دشمن کو کوئی علم نہیں۔ترجمان کے مطابق اب تک جن مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے وہ غیر اہم تھے، جبکہ ایران کے اہم دفاعی مراکز محفوظ ہیں اور ملک کی دفاعی صلاحیت برقرار ہے۔