وفاقی وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے ایوان میں بھارتی جارحیت پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے معصوم پاکستانی بچوں کی جان لی اور دنیا کو بھارت کا اصل چہرہ دکھایا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ وقت ہے جب پاکستانی قوم کو یک زبان ہو کر دشمن کو پیغام دینا ہوگا۔حنیف عباسی نے کہا کہ بھارتی افواج نے ہمیشہ رات کی تاریکی میں حملے کیے ہیں اور حالیہ حملہ بھی ان کی بزدلی کی مثال ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی شاہینوں نے ان طیاروں کو مار گرایا ہے جن کے بارے میں بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے ہمیشہ بھاری اعلان کیا تھا۔وفاقی وزیر نے بھارت کو دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے نہ صرف پاکستان بلکہ نیپال، بنگلہ دیش، برطانیہ اور دیگر ممالک میں دہشت گردی کی ہے۔ انہوں نے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فوج نے 30 سال تک دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ہے اور ہمیشہ دشمن کو شکست دی۔
حنیف عباسی نے بھارتی پروپیگنڈے کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کوئی بھی پروپیگنڈا کامیاب نہیں ہوگا اور بھارت کے جھوٹے دعوؤں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی نے ہمیشہ اقتدار میں آ کر دہشت گردی کی حمایت کی اور بھارت میں انتہا پسندی کو فروغ دیا۔حنیف عباسی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کے لیے سب کچھ اہم ہے اور جو لوگ پاکستان کی مخالفت کرتے ہیں، وہ غدارِ وطن کہلائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے دفاع میں کبھی بھی پیچھے نہیں ہٹے گا اور جنگ کے بعد دشمن کو نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔