اسلام آباد:قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ حالیہ ڈرون حملے دراصل پاکستان کی دفاعی لوکیشنز کا جائزہ لینے کے لیے کیے گئے، تاہم آئندہ چند روز کے دوران قوم دیکھے گی کہ پاک فوج کس طرح اپنی سرزمین کا مؤثر دفاع کرتی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کی قیادت تمام اہم عالمی قوتوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، جن میں ایران، سعودی عرب، قطر اور چین شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دنیا کے تقریباً تمام ممالک یا تو پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں یا نیوٹرل پوزیشن میں ہیں، محض ایک دو ممالک نے بھارت کی ہلکی پھلکی حمایت کی ہے۔وزیر دفاع نے دعویٰ کیا کہ پاکستان نے بھارت کے 5 جنگی طیارے مار گرائے ہیں، جو ملکی عسکری تاریخ میں ایک بڑی کامیابی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی افواج نہ صرف پوری طرح تیار ہیں بلکہ دشمن کے حملے کا مؤثر جواب بھی دے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فوج دن رات دشمن کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہے، جبکہ قوم کو اطمینان ہونا چاہیے کہ بھارتی عزائم خاک میں ملائے جا چکے ہیں۔ خواجہ آصف نے مزید کہا کہ بھارتی عوام اور ان کی سیاسی قیادت کے حوصلے پست ہوچکے ہیں، اور آج پوری پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔