وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا مشترکہ اعلامیہ پاکستان کے لیے ایک تاریخی قدم ہے۔
پہلی مرتبہ تینوں ممالک نے اجتماعی دفاع، باہمی یکجہتی اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے عزم کو باضابطہ اور ادارہ جاتی شکل دی ہے۔خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ یہ پیش رفت اس بات کا واضح پیغام ہے کہ مسلم دنیا اپنی سلامتی کے لیے دوسروں کی طرف دیکھنے کے بجائے باہمی اتحاد اور تعاون کے ذریعے آگے بڑھ رہی ہے۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ مکہ دفاعی معاہدے کے تحت سیکریٹریٹ کا قیام اس اتحاد کو محض اعلانات تک محدود رکھنے کے بجائے عملی بنیادوں پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ مشترکہ اعلامیے میں خطے میں کشیدگی کم کرنے، تنازعات کے پُرامن حل، مذاکرات اور سفارت کاری کو ترجیح دی گئی ہے۔انہوں نے حوثی ملیشیا کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں اور شہری انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنانا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ شہریوں اور بنیادی تنصیبات کا تحفظ یقینی بنایا جانا چاہیے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں مکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی اسٹریٹجک، سیاسی و دفاعی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کا مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے مطابق تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور عسکری قیادت نے شرکت کی، جس کے دوران خطے کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال، علاقائی امن اور مشترکہ دفاعی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔مشترکہ اعلامیے میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے اصولوں اور مقاصد سے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا۔ ان اصولوں میں اجتماعی دفاع، باہمی یکجہتی اور ایک دوسرے کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام شامل ہے۔اجلاس میں سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کی گئی اور مملکت کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔تینوں ممالک نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ دفاعی اور سیاسی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔