اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے تصدیق کی ہے کہ بھارتی بزدلانہ حملوں کے جواب میں پاک فضائیہ نے بھارت کے 5 لڑاکا طیارے مار گرائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دے کر فضائی برتری حاصل کر لی ہے۔منگل اور بدھ کی درمیانی شب بھارت نے پاکستان کے مختلف شہری علاقوں اور مساجد کو نشانہ بناتے ہوئے مجموعی طور پر 24 حملے کیے۔ ان حملوں میں 3 مساجد سمیت 6 مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں 8 پاکستانی شہری شہید اور 35 زخمی ہو گئے۔وزیر دفاع نے امریکی جریدے بلوم برگ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی اس بلااشتعال اور بزدلانہ کارروائی کے جواب میں پاکستان نے فوری ردعمل دیا اور دشمن کو واضح پیغام دیا کہ پاکستانی خودمختاری پر حملہ ناقابل برداشت ہے۔
پاک فوج کا شدید ردعمل، بھارتی پوزیشنز تباہ
پاک فوج کی جوابی کارروائی میں دشمن کی کئی چوکیاں، ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر اور متعدد دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ پاک فضائیہ نے دشمن کے پانچ جدید لڑاکا طیارے مار گرائے، جس سے بھارت کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کی بریفنگ
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ایک ہنگامی پریس کانفرنس میں بھارتی جارحیت کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بھارت نے رات کے وقت 24 حملے کیے، جن میں عام شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ احمد پور شرقیہ میں 5 بے گناہ شہری شہید ہوئے، جن میں ایک معصوم بچی بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملے جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں اور عالمی برادری کو ان کا نوٹس لینا چاہیے۔
پاکستان پرعزم، ہر جارحیت کا جواب دے گا
حکومتی اور عسکری قیادت نے واضح کر دیا ہے کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف نہ صرف تیار ہے بلکہ مؤثر جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ وزیر دفاع، آئی ایس پی آر اور سیاسی قیادت کا بیانیہ اس بات کا اظہار ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ضرور ہے، لیکن خودداری پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔