اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان نہ نیوکلیئر بلیک میلنگ کرتا ہے اور نہ اس پر یقین رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نیوکلیئر صلاحیتیں ملک کے دفاع کی ضمانت ہیں اور پاکستان کے اثاثے صرف اپنے دفاع کے لیے ہیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے لیے پاکستان اور پاکستانی افواج ایک ڈراؤنا خواب بن چکی ہیں اور وہ بنیادی طور پر اپنے ووٹرز کو مطمئن کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے دفاع میں جنگ لڑی اور کامیابی حاصل کی، جبکہ مودی کے لیے بھارت میں داخلی سیاسی چیلنجز بڑھ گئے ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ نریندر مودی پر بھارتی شہری، کانگریس اور دیگر چھوٹی ریاستوں میں تنقید کر رہے ہیں اور وہ اپنے گھر میں سیاسی طوفان کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں، پاکستان کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ایٹمی صلاحیتیں دفاع کے لیے ہیں اور کسی کو اس سے خطرہ نہیں ہو سکتا۔
وزیر دفاع نے بھارت کی موجودہ سیاسی اور معاشی ناکامیوں پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ نریندر مودی کی قیادت نے بھارت کو داخلی اور بین الاقوامی سطح پر نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے دہشتگردی کی پشت پناہی کی، جس کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر ناکامی ہوئی، اور پاکستان نے بھارتی دہشتگردی کے شواہد عالمی فورمز پر جمع کرائے ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان میں بی ایل اے اور طالبان بھارت کی پراکسیز ہیں، اور اگر برصغیر کے ممالک اچھے ہمسایوں کی طرح تعلقات قائم کریں تو خطے میں امن اور معاشی ترقی ممکن ہے۔