طالبان کو دوبارہ غاروں میں دھکیلنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں:وزیر دفاع خواجہ آصف

طالبان کو دوبارہ غاروں میں دھکیلنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں:وزیر دفاع خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ پاکستان کے پاس طالبان کو دوبارہ غاروں میں دھکیلنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔

 انہوں نے کہا کہ برادر ممالک کی درخواست پر پاکستان نے امن کے لیے مذاکرات کا آغاز کیا، لیکن افغان حکام کے زہریلے بیانات اور طالبان کی بدنیت سوچ اس بات کا ثبوت ہیں کہ وہ امن کے خلاف ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کو اپنی مکمل طاقت استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہے، مگر اگر ضرورت پیش آئی تو تورا بورا کی شکست کے مناظر دہرائے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ طالبان حکومت افغانستان کو دوبارہ تباہی کی طرف دھکیل رہی ہے اور صرف اپنے ناجائز اقتدار کو قائم رکھنے کے لیے کوشاں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ افغان طالبان کی جنگی معیشت صرف تباہی اور خونریزی پر مبنی ہے۔ طالبان اپنی کمزوری کو جانتے ہیں مگر پھر بھی جنگی نعرے لگا رہے ہیں۔

 اگر وہ افغانستان کو مزید تباہ کرنا چاہتے ہیں تو انہیں ایسا کرنے دیں، کیونکہ "سلطنتوں کا قبرستان" صرف افغان عوام کی تباہی کا نشان ہے۔وزیر دفاع نے یہ بھی کہا کہ افغان طالبان کے جنگ پسند عناصر نے پاکستان کی ہمت کو غلط سمجھا ہے، اور اگر وہ لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو دنیا سب کچھ دیکھے گی۔ ان کی دھمکیاں صرف تماشا ہیں، حقیقت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بہت عرصہ تک طالبان کی دھوکہ دہی برداشت کی ہے، مگر اب مزید برداشت نہیں کریں گے، کیونکہ وقت بدل چکا ہے۔