وزیراعظم کو امریکی وزیر خارجہ کا فون ہرقیمت پر ملک کی خودمختاری کادفاع کرینگے شہبازشریف
پاکستانی عوام بھارت کی بلااشتعال جنگی کارروائیوں پر شدید غصے میں ہیں‘ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع میں کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے:امریکہ وزیر خارجہ سے فون پر گفتگو
پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے،ہمیں اپنی پاک فوج پر فخر ہے ‘ہم ہر حالات کے لئے تیار ہیں دشمن کو خود ارادیت، علاقائی سالمیت پر حملے اور سلامتی کی خلاف ورزی کا جواب ملے گا:اجلاس میں اظہار خیال
اسلام آباد(آن لائن)وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ وزیرخارجہ روبیو نے کہا کہ امریکہ جنوبی ایشیا کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے کیونکہ وہ خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے، انہوں نے پاکستان اور بھارت دونوں کو کشیدگی کم کرنے کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیاجبکہ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع میں کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے جمعرات کی شام امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ وزیراعظم نے بھارت کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی جس کے نتیجے میں 31 شہری شہید ، 57 زخمی ہوئے اور شہری بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کے حملوں نے ناصرف پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی بلکہ جنوبی ایشیا کے خطے میں امن و استحکام کو شدید خطرات سے دوچار کیا ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرنے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام بھارت کی بلااشتعال جنگی کارروائیوں سے شدید غصے میں ہیں۔ وزیر اعظم نے بتایا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع میں کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ وزیراعظم نے جنوبی ایشیا کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر صدر ٹرمپ کی تشویش کو سراہا‘دریں اثناء زیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت سکیورٹی سے متعلق اجلاس ہوا جس میں اعلیٰ سول و عسکری قیادت کے علاوہ سکیورٹی حکام نے شرکت کی ،اجلاس میں بھارتی جارحیت کے بعد ملک کی موجودہ صورت حال اور جوابی حکمت عملی پر تفصیلی غورو خوض کیا گیا ،سکیورٹی حکام نے اجلاس کے شرکاء کو بھارتی جارحیت اور ممکنہ جوابی کارروائی پر بریفنگ دی،اس کے علاوہ شرکاء کو ڈرون حملوں اور پاکستانی ردعمل سے بھی آگاہ کیا گیا ،ثزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے،ہمیں اپنی پاک فوج پر فخر ہے اور ہم ہر حالات کے لیے تیار ہیں،پاکستان نے بھارت کے ڈرون اور جہاز مار گرائے ہیں،پاکستان اپنے وقار اور عزت سے امن کے لیے پر عزم ہے، پاک افواج دشمن کے تمام عزائم ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے، دشمن کو خود ارادیت، علاقائی سالمیت پر حملے اور سلامتی کی خلاف ورزی کا جواب ملے گا۔