کراچی کے علاقے عزیزآباد میں گھر سے نوبیاہتا خاتون کی گلے میں پھندا لگی لاش ملنے کے بعد واقعہ مشکوک قرار دے کر پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق لاش کی شناخت 23 سالہ عائشہ زوجہ محیط کے نام سے ہوئی ہے۔ خاتون کی لاش کو قانونی کارروائی اور موت کی وجہ معلوم کرنے کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ عزیزآباد تھانے کے ہیڈ محرر ارشد شیخ کے مطابق عائشہ کی شادی تقریباً ساڑھے چار ماہ قبل محیط سے ہوئی تھی۔ اس سے پہلے اس کا نکاح شوہر کے بڑے بھائی سے ہوا تھا، تاہم ان کے انتقال کے بعد اس کی شادی چھوٹے بھائی سے کر دی گئی۔پولیس کے مطابق شوہر کا کہنا ہے کہ خاتون نے غسل خانے کے دروازے کو اندر سے بند کر کے اسٹول پر چڑھ کر دوپٹے کے ذریعے گلے میں پھندا لگا کر خودکشی کی۔
تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ جب وہ موقع پر پہنچی تو کرائم سین صاف کیا جا چکا تھا، غسل خانے میں اسٹول موجود نہیں تھا جبکہ دوپٹہ الگ پڑا ہوا تھا، جس کی وجہ سے واقعہ مشکوک لگ رہا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق خاتون کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے اور رپورٹ آنے کے بعد ہی موت کی اصل وجہ سامنے آ سکے گی۔ اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔