ایف بی ایریا بلاک 15 گلشن مصطفی کے قریب ایک خاتون کی پھندا لگی لاش برآمد ہوئی۔
ایس ایچ او جوہر آباد راشد الرحمن نے بتایا کہ خودکشی کرنے والی خاتون کا نام عائشہ زوجہ اظفر تھا، جس کی عمر 24 برس تھی۔ عائشہ کی شادی ایک برس قبل ہوئی تھی اور ان کی کوئی اولاد نہیں تھی۔پولیس کے مطابق اہلخانہ نے بیان دیا کہ عائشہ اس سے قبل دو مرتبہ خودکشی کی کوشش کرچکی تھی، تاہم وہ اس میں کامیاب نہیں ہوپائی تھی۔ اب تیسری مرتبہ اس نے گلے میں پھندا لگا کر اپنی جان گنوا دی۔ اہلخانہ کے مطابق عائشہ کو مبینہ طور پر کچھ نفسیاتی مسائل تھے اور انہوں نے خودکشی کو اس کا ذاتی فعل قرار دیا۔
پولیس نے بیان کیا کہ عائشہ کی لاش گلشن اقبال میں واقع نجی ہسپتال منتقل کی گئی، جہاں قانونی کارروائی کے بعد اسے اہلخانہ کے حوالے کیا گیا۔ اہل خانہ نے لاش کو ایدھی سردخانے منتقل کیا، جہاں غسل و کفن کے بعد اس کی تدفین کی جائے گی۔ایس ایچ او جوہر آباد نے مزید کہا کہ چونکہ یہ خودکشی کا معاملہ ہے اور اہلخانہ نے بیان دیا ہے کہ وہ مزید قانونی کارروائی نہیں چاہتے، اس لیے پولیس نے مزید کارروائی نہیں کی۔