خواتین کی شمولیت کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی: صدر

 قائدِاعظم نے خواتین کی مساوی شرکت کو ضروری قرار دیا تھا، شہید بے نظیر بھٹو پاکستانی خواتین کے عزم کی روشن مثال ہے: آصف علی زرداری
اسلام آباد: (مانیٹرنگ ڈیسک) صدر آصف علی زرداری نے پاکستانی خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔اس سال خواتین کا عالمی دن ’’حقوق، انصاف اور عمل : تمام خواتین اور بچیوں کے لیے‘‘ کے عنوان کے تحت منایا جارہا ہے، یہ عنوان حقوق نسواں کے تخفظ کے عزم کا اظہار ہے۔خواتین کے عالمی دن پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قائدِاعظم نے خواتین کی مساوی شرکت کو قومی ترقی کے لیے ضروری قرار دیا تھا، شہید بے نظیر بھٹو کی قیادت پاکستانی خواتین کے عزم کی روشن مثال ہے، کاک پٹ سے پارلیمنٹ تک خواتین کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔انہوں نے کہا کہ فاطمہ جناح اور بیگم نصرت بھٹو کی جدوجہد خواتین کے لیے مشعلِ راہ ہیں، آئینی اقدامات سے پارلیمان اور صوبائی اسمبلیوں میں خواتین کی نمائندگی یقینی بنائی گئی، امتیازی قوانین اور نقصان دہ سماجی رویوں کے خاتمے کی ضرورت ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ مساوی حقوق سے خواتین کی تعلیم، روزگار اور تحفظ ممکن بنتا ہے، دیہی خواتین زراعت اور معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، خواتین کے خلاف امتیاز کے خاتمے کے لیے پاکستان عالمی معاہدوں کا پابند ہے صدر آصف زرداری نے کہا کہ خواتین کو قرض، جائیداد اور روزگار تک برابر رسائی دینا ضروری ہے، ترقی کا اصل پیمانہ خواتین کی زندگی میں عملی بہتری ہے۔