پاکستان میں بھارت دہشت گردی کرا رہا ہے ترجمان پاک فوج
25 اپریل کو جہلم بس سٹینڈ سے بھارت کا تربیت یافتہ دہشت گرد گرفتار کیا گیا جس کے پاس سے ایک آئی دی، دو موبائل فون اور 70 ہزار روپے کیش ‘ گھر سے ایک بھارتی ساختہ ڈرون اور 10 لاکھ برآمد ہوئے
آئی ای ڈیز کو ڈرونز کے ذریعے بھیجا جاتا ہے، دہشت گردوں کی آن لائن ٹریننگ کی جارہی ہے ،،پہلگام واقعہ کو 7 دن ہو گئے لیکن ابھی تک الزامات کے کوئی ثبوت پیش نہیں کئے :لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کی پریس بریفنگ
راولپنڈی (آئی این پی) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے ڈائریکٹرجنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی پھیلا رہا ہے،بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے مکمل اور ناقابل تردید شواہد موجود ہیں،پہلگام واقعہ کو 7 دن ہو گئے ہیں لیکن ابھی تک الزامات کے کوئی ثبوت پیش نہیں کئے ، وہاں صرف زبانی جمع خرچ چل رہا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس پریس بریفنگ کا مقصد آپ کو بتانا ہے کہ کیسے بھارت پاکستان میں دہشت گردی پھیلا رہا ہے، پہلگام واقعہ کو 7 دن گزرگئے ہیں لیکن اب تک بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات سے متعلق اب تک ثبوت فراہم نہیں کئے گئے ، کس طرح بھارت کس طرح پاکستان کے اندر دہشت گرد نیٹ ورک چلا رہا ہے اور دہشت گردوں کو ملٹری سمیت معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کے لیے آئی ای ڈیز سمیت دیگر مواد فراہم کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ 25 اپریل یعنی 4 دن پہلے جہلم بس سٹینڈ سے بھارت کا تربیت یافتہ دہشت گرد کو گرفتار کیا گیا جس کے پاس سے ایک آئی دی، دو موبائل فون اور 70 ہزار روپے کیش برآمد ہوا جب کہ اس کے گھر سے ایک بھارتی ساختہ ڈرون اور 10 لاکھ روپے کیش برآمد ہوا، اس کے موبائل فون اور دیگر چیزوں کی فرانزک کی گئی۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارت کا جو تربیت یافتہ اور اسپانسرڈ دہشت گرد کا ہینڈلر کا کوڈ نام سکندر ہے جو بھارتی فوج کا جونیئر کمیشن آفیسر ہے، صوبیدار سخوندر ہے، جب اسے دہشت گردی کے لیے پہلی آئی ڈی ڈیوائس دیتا ہے تو اسے ہدایت دیتا ہے جو میں آپ کو سنواتا ہوں۔جس میں وہ اسے لوکیشن بھیج رہا ہے اور کسی کی ذریعے آئی ڈی بھجوانے کے بعد پیغام دے رہا ہے، ہوگیا پارسل، آپ وقت سے نکل جانا اور جلدی پہنچنا جس پر دہشت گرد اسے اوکے جا جواب دیتا ہے کہ میں تھوڑی دیر میں نکل رہا ہے اور اسے لوکیشن بھی بھیجتا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ 7 دن سے بھارت کی جانب سے زبانی باتیں کی جارہی ہیں لیکن میں آپ کو ان کے نیٹ ورک کا ثبوت دے رہا ہے کہ وہ کس طرح پاکستان میں دہشت گردی کروارہا ہے جس میں بھارت کا حاضر سروس آفیسر شامل ہے۔انہوں نے سکرین پر مزید دہشت گردوں کے نام دکھائے اور کہا کہ یہ ہیں وہ 4 کردار جو اس سیل کو چلارہے ہیں جس میں حاضر سروس میجر سندیب ورما جس کی شناخت (سمیر)کے نام سے ہے وہ غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر میں تعینات ہے، اس کے علاوہ صوبیدار سخوندر، حوالدار امت اور بھارتی فوج کے یونیفارم میں ایک اور شخص بھی موجود ہیں۔انہوںنے کہا کہ جب بھارتی فوج کے میجر سندیپ نے دہشت گرد مجید کو ہائر کیا تو سنیں ان کی کیا بات ہوئی ۔۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے دہشت گردی کی کارروائی کرنے کے لیے بھارتی فوج کے حاضر سروس افسر سے ہونے والی گفتگو سنائی جس میں وہ انہیں ہدایات دے رہے ہیں ۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ صرف سنیں بھارتی حاضر سروس افسر نے کیا کہا کہ ہم بلوچستان سے لے کر لاہور تک دہشت گردی کرتے ہیں، وہ دہشت گرد کو انٹری کی تفصیلات بتارہا ہے کہ کس طرح دہشت گردوں کی مالی معاونت کی جاتی ہے وہ کہتا ہے کہ میں مختلف اکائونٹس میں تھوڑے تھوڑے پیسے بھجوائوں گا، میں کسی کو پیسے بھیجوں گا وہ آگے کسی اور کو بھیجے گا اور پھر خود آپ تک پہنچائے گا ۔انہوںنے کہا کہ بھارت کے حاضر سروس افسر نے دہشت گرد سے کہا کہ میں یہاں ایک دو دن کے لیے نہیں آیا، میں سالوں سے دہشت گردی کررہا ہوں اور آگے بھی کرتا رہوں گا۔انہوں نے کہا کہ یہ بھارت کی ریاستی دہشتگردی کی واضح مثال ہے، اور یہ صرف ایک سیل ہے جو آپ کے سامنے پیش کیا جارہا ہے جو 25 اپریل کو پکڑا گیا تھا جس نے 4 دہشت گردی کے واقعات کیے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آئی ای ڈیز کو ڈرونز کے ذریعے بھیجا جاتا ہے،بھارت کی جانب سے دہشت گردوں کی آن لائن ٹریننگ کی جارہی ہے،دہشت گردوں کو آئی ای ڈیز کے استعمال کی آن لائن تربیت دی جاتی ہے۔۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے دہشت گرد کی بھارتی فوج کے افسر سے گفتگو کی ایک اور آڈیو سنائی۔ جس میں وہ دہشت گردی کی کارروائی کے لیے جگہ کا تعین کررہے ہیں کہ دھماکہ کس مقام پر کیا جاسکتا ہے کون سی مارکیٹ بہتر رہے گی جہاں لوگ زیادہ جمع ہوتے ہیں ۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ آپ نے سنا کہ بھارتی افسر کیا کہہ رہا ہے کہ میں عام شہریوں کو نقصان پہنچانا چاہتا ہوں، مجھے خبر چاہیے، میڈیا کی کوریج چاہیے، دراصل بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے پیچھے ان کا ریاست کا کنٹرول کردہ میڈیا اور سوشل میڈیا ہے جس کی جھلک ابھی بھی سب دیکھ رہے ہیں کہ دہشت گردی کا واقعہ کرو اور پھر اس کو مزید اچھالو تا کہ دنیا کو یہ بتایا جائے کہ پاکستان میں دہشت گردی ہے۔ایک اور ویڈیو میں دکھایا گیا کہ بھارتی حاضر سروس افسر کی جانب سے پاکستان میں موجود دہشت گرد کی ٹریننگ کس طرح کی جارہی ہے، وہ اسے باقاعدہ ویڈیو بھیج کر بتاتا ہے کہ کس طرح آئی ڈی بلاسٹ کرنا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان میں موجود دہشت گرد کو بھارت کے حاضر سروس افسر ڈرون کے ذریعے یہ آئی ڈیز بھیجتے تھے، جو ان کے گھر سے برآمد ہوا تھا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا ہے کہ یہ بھارتی خفیہ ایجنسی را کا افسر نہیں بلکہ بھارتی آرمی کا افسر ہے جو پاکستان میں دہشت گردی کی کارراوئیوں میں ملوث ہے، آپ اس آرمی کا پروفیشنلزم دیکھیں، بھارتی حکومت اپنی فوج سے یہ کام کروارہی ہے جس میں حاضر سروس فوجیوں سے کام لیا جارہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کو کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی ،اتنی بڑی سازشوں کے ہوتے ہوئے بھی قوم کھڑی ہوئی ہے۔