جب قوم بنیان مرصوص بن جائے تو دنیا کی کوئی طاقت نہیں ہرا سکتی مریم نواز

لیہ میں میڈیکل کالج بنایا جائے گا‘کوشش ہوتی ہے کوئی بچہ ٹیکنالوجی اورتعلیم سے محروم نہ رہے‘مزیدبہتری کی کوشش کروں گی‘ ریاست ماں نہیں بنتی تو  فرائض میں غفلت برتتی ہے
تمام بچے پاکستان کیلئے بنیان مرصوص بنیں: تقریب سے خطاب‘ورلڈ بینک کیساتھ شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں:سبکدوش ہونیوالے کنٹری ڈائریکٹر سے  گفتگو
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے لیہ میں فوری میڈیکل کالج کی تعمیر کا اعلان کر دیا۔لیہ میں ہونہار سکالرشپ اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے  انشااللہ لیہ میں میڈیکل کالج کی فوری تعمیر شروع ہوجائے گی، کوشش ہوتی ہے کوئی بچہ ٹیکنالوجی اورتعلیم سے محروم نہ رہے۔مریم نواز نے کہا ہے کہ یہ میرا پہلا سال ہے، جیسے جیسے وقت گزرتا جائے گا مزید بہتری کرنے کی کوشش کروں گی، میں آپ بچوں کے سامنے جوابدہ ہوں‘ ایک ماں چاہتی ہے اپنا سب کچھ اپنے بچوں کی جھولی میں ڈال دوں، دل کرتا ہے جو کچھ میرے پاس ہے سب آپ کے سامنے رکھ دوں، جس طرح میں اپنے بچوں کی کامیابی پر خوش ہوتی ہوں ویسے ہی آپ کی کامیابی پر خوشی ہوئی ہوں، مجھے رلانا اتنا آسان نہیں ہے، میں 2 بار قید تنہائی میں رہی لیکن کبھی روئی نہیں۔مریم نواز نے کہا ہے کہ لیہ والوں سے جو مجھے پیار اور عزت ملی کبھی نہیں بھول سکتی، چھوٹا شہر ہی صحیح لیکن لیہ بھی میرے دل کے بہت قریب ہے، ڈی جی خان بھی میرے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ جو آپ کے گھروں، روٹی، سبزی، بجلی کی قیمتوں کیلئے فکر مند ہے وہ آپ کا ہمدرد ہے، جو نفرت کے بیج بوتا ہے وہ قوم کا سب سے بڑا دشمن ہے۔وزیراعلی پنجاب نے کہا ہے کہ جس نے ملک کیلئے خدمات دیں وہ سب ہمارے ہیرو ہیں، جنہوں نے وردی کو جلایا انہوں نے قوم کے وقار اور طاقت کو جلایا، آج وہی وردی پہنے قوم کے جوان بیٹے سرحدوں پر شہید ہوئے، اب آپ کے ملک کو کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، انہوں نے کہا موٹروے، دفاعی تنصیبات، سڑکیں سب آپ کی اپنی ہیں، آپ نے کسی کی منفی باتوں میں نہیں آنا، آج جو باتوں میں آ گئے وہ جیلوں میں پڑے ہیں، جو جیل میں ہیں ان کے پاس اپنا وکیل کرنے کے پیسے تک نہیں ہیں، آپ نے اپنے ملک کے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھانا، کوئی کہے آگ لگادو، توڑ دو آپ نے یہ نہیں کرنا۔مریم نواز نے آخر میں   کہا کہ جب قوم بنیان مرصوص بن جائے تو دنیا کی کوئی طاقت نہیں ہرا سکتی، تمام بچے پاکستان کیلئے بنیان مرصوص بنیں، بنیان مرصوص کا مطلب سیسہ پلائی دیوار ہے، پاکستان نے ایک چھوٹا ملک ہونے کے باجود بھارت سے جنگ جیتی ہے۔دریں اثناء مریم نواز شریف نے کہا ہے  حکومت پنجاب ورلڈ بینک کے ساتھ اپنی مضبوط، مثر اور دیرینہ شراکت داری کو بے حد قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔وزیرِاعلی پنجاب  سے سبکدوش ہونے والے ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجے بن حسین کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں وزیراعلی پنجاب نے ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجے بن حسین کا خیرمقدم کیا۔ملاقات کے دوران ناجے بن حسین کی 2020 سے پاکستان میں نمایاں خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور اس موقع پر ورلڈ بینک اور حکومت پنجاب کی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق بھی ہوا۔