قطر ، کویت او رمتحدہ عرب امارات پر ڈرونز سے حملے کیے گئے‘دبئی میں امریکی فوجی اجتماع پر حملے میں40فوجی ہلاک اور70 زخمی ہو گئے: ایرانی پاسداران انقلاب
اب ایران سے مذاکرات نہیں کریں گے:امریکی صدر‘امریکی وزیرخارجہ نے اعتراف کیا امریکہ اسرائیل کی منتخب کردہ جنگ میں داخل ہوا: ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی
تہران(آئی ا ین پی) امریکہ اور اسرائیل نے ایران کے متعدد شہروں پر بمباری کی ہے جبکہ ایران نے خلیجی ممالک میں حملوں کو تیز کر دیاہے ، قطر ، کویت او رمتحدہ عرب امارات پر ڈرونز سے حملے کیے گئے ہیں ، دوحا میں بھی پانچ دھماکے سنے گئے ہیں جن سے خوف وہراس پھیل گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب نے دعوی کیاہے کہ دبئی میں امریکی فوجی اجتماع پر حملہ ہواہے ، حملہ اس وقت کیا گیا جب اس میں 160 فوجی موجود تھے ، حملے میں 40 فوجی ہلاک جبکہ 70 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔عرب میڈیا نے بتایا ہے کہ ایران کی جانب سے خلیجی ممالک پر 450 میزائلوں اور 1 ہزار 140 ڈرونز سے حملے کیے گئے۔ایرانی پاسداران انقلاب گارڈز کا کہنا ہے کہ بحرین کے علاقے شیخ عیسی میں امریکی فضائی اڈے پر بڑے پیمانے پر ڈرون اور میزائل حملہ کیا گیا ہے۔پاسداران انقلاب گارڈز نے کہا ہے کہ امریکی فضائی اڈے پر 20 ڈرون اور 3 میزائل داغے گئے، حملے میں امریکی ایئر بیس کی مرکزی کمانڈ اور ہیڈ کوارٹر کی عمارت کو تباہ کر دیا اور اس کے ایندھن کے ٹینکوں کو آگ لگا دی۔ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے امریکی وزیرِ خارجہ نے اعتراف کیا ہے امریکہ اسرائیل کی منتخب کردہ جنگ میں داخل ہوا۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے امریکہ کو کبھی بھی کوئی نام نہاد ایرانی خطرہ نہیں تھا۔ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ امریکی عوام بہتر کے مستحق ہیں اور انہیں اپنا ملک واپس لینا چاہیے۔