خصوصی ٹیم نے کارروائی کی ، لاپتہ نوجوان لڑکی بحفاظت والد کے حوالے
لاہور (کرائم رپورٹر) مسلم ٹا ئون پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گمشدہ نوجوان لڑکی کو تلاش کرکے بحفاظت اس کے اہلخانہ کے حوالے کر دیا۔پولیس کے مطابق نوجوان لڑکی، جس کا ذہنی توازن کچھ عرصے سے متاثر تھا، نیو مسلم ٹا ئون کے علاقے سے لاپتہ ہوگئی تھی۔ اہلخانہ نے اپنی مدد آپ کے تحت کافی تلاش کے باوجود جب لڑکی کو نہ پایا تو والد دل محمد نے مسلم ٹا ئون پولیس سے رابطہ کیا۔ایس پی اقبال ٹا ئون سدرہ خان کی ہدایت پر لڑکی کی بازیابی کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ پولیس ٹیم نے ہیومن انٹیلی جنس اور جدید تفتیشی ذرائع استعمال کرتے ہوئے کامیاب کارروائی کی اور گمشدہ لڑکی کو تلاش کر لیا۔پولیس نے لڑکی کو بحفاظت والد دل محمد کے حوالے کر دیا، جس پر اہلخانہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مسلم ٹا ئون پولیس کا شکریہ ادا کیا اور پولیس ٹیم کے لیے نیک تمنا ئوں کا اظہار کیا۔ایس پی اقبال ٹا ئون سدرہ خان نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او مسلم ٹا ئون تیمور عباس اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور ان کی مدد پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔