اردل روم: رواں سال 305 اہلکاروں کو وارننگ

 559 اپیلوں کی سماعت، 161 اپیلیں مسترد، 93 بحال، میرٹ کو فروغ دیا جا رہا: بلال صدیق
لاہور (کرائم رپورٹر) سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیرصدارت اردل روم کا انعقاد کیا گیا، جس میں رواں سال پولیس ملازمین کی 559 اپیلوں کی سماعت کی گئی۔ اردل روم میں آپریشنز، انویسٹی گیشن، ٹریفک سمیت مختلف ونگز کے پولیس ملازمین پیش ہوئے۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق معمولی کوتاہی کے مرتکب ملازمین کی 305 اپیلوں پر وارننگ دی گئی، جبکہ 161 اپیلیں مسترد کر دی گئیں۔ 93 پولیس ملازمین کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے انہیں ملازمت پر بحال کر دیا گیا۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ پولیس ملازمین کی اپیلوں کی شفاف اور غیرجانبدارانہ سماعت یقینی بنائی جا رہی ہے اور تمام فیصلے میرٹ اور قانون کے مطابق کیے جا رہے ہیں۔ شخصی شنوائی کا مقصد سفارش کلچر کا خاتمہ اور میرٹ کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمانہ احتساب کے ساتھ پولیس ملازمین کے جائز حقوق کا تحفظ بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ڈویڑنل ایس پیز باقاعدگی سے اردل روم منعقد کرکے پولیس ملازمین کے مسائل سنیں۔ افسران ماتحت عملے کی عزتِ نفس کا خیال رکھتے ہوئے شائستہ رویہ اپنائیں، جبکہ فرائض میں غفلت اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔