ویب ڈیسک: بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان نے اپنے 33 سالہ فلمی کیریئر میں پہلی مرتبہ نیشنل فلم ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، نئی دہلی میں منعقدہ 71ویں نیشنل فلم ایوارڈز کی تقریب میں بھارتی صدر دروپدی مرمو نے فاتحین کو ایوارڈز پیش کیے۔ شاہ رخ خان کو سن 2023 میں ریلیز ہونے والی فلم "جوان" میں شاندار کارکردگی پر بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔ یہ ان کے فلمی کیریئر کا پہلا نیشنل ایوارڈ ہے۔اسی کیٹیگری میں فلم "12th فیل" کے اداکار وکرانت میسی کو بھی بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا، جبکہ اداکارہ رانی مکھرجی نے فلم "Mrs Chatterjee vs Norway" میں جاندار اداکاری پر بہترین اداکارہ کا نیشنل ایوارڈ حاصل کیا۔
شاہ رخ خان، جنہیں دنیا بھر میں کنگ آف بالی وڈ کہا جاتا ہے، نے 1992 میں فلم "دیوانہ" سے اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا تھا۔ وہ "دل والے دلہنیا لے جائیں گے"، "کچھ کچھ ہوتا ہے"، "چک دے! انڈیا" جیسی کئی بلاک بسٹر فلموں میں یادگار کردار ادا کر چکے ہیں۔33 سالہ کیریئر میں شاہ رخ خان نے متعدد بین الاقوامی اعزازات جیتے، لیکن وہ بھارت کا نیشنل ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے تھے۔ تاہم فلم "جوان" کے ذریعے ان کا یہ خواب بھی پورا ہو گیا۔ اس فلم میں شاہ رخ خان نے ڈبل رول کے ساتھ 7 مختلف روپ نبھائے تھے۔